وفاقی وزیر اور وزیر مملکت خزانہ کی قوم کو ڈیفالٹ سے محفوظ ہونیکی خوشخبری

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) اگرچہ حکومت پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر کا مسئلہ درپیش ہے اور پاکستانی کرنسی روپے کی قدر تیزی سے کم ہو رہی ہے اسکے باوجود وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جمعرات کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ذریعے سینکڑوں اشیاء کی درآمد پر گزشتہ مئی سے عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں بالخصوص شادی بیاہ کے ہر قسم کے سامان بیوٹی پارلر‘ فرنیچر اور چاکلیٹ‘ جام‘ جیلی وغیرہ کے ای سی سی کا یہ فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے پہلے ہی مارکیٹ میں معاشی استحکام کی طرف اٹھائے گئے اقدامات کا شاہد ہو گا۔ اسکے ساتھ ہی خزانے کے حکومتی ماہرین بشمول وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جب یہ خوشخبری دی کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل آیا ہے اور معاشی استحکام کی طرف گامزن ہو گیا ہے اور وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے 25اگست 2022ء کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے واشنگٹن میں بلائے گئے اجلاس میں 1.78بلین ڈالر (1780ملین ڈالر) کی قسط ملنے کا مژدہ جاں فزا جمعرات 28جولائی کو سنایا ہے ۔