قوم پرستوں سے مذاکرات،عمران کا بیان خوش آئند،جلال شاہ

29 جولائی ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی سید جلال محمود شاہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے اس بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ سندھ کے قوم پرستوں سے بات چیت اور مذاکرات کر سکتے ہیں۔ کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بھی بند نہیں ہوتے اور مذاکرات کبھی پیشگی شرائط سے نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کی وحدت، وسائل اور حق حاکمیت کا حصول چاہتے ہیں۔ جس طرح سے خیبرپختونخوا پشتون کا، پنجاب پنجابیوں کا اور بلوچستان بلوچوں کا ہے اسی طرح سندھ سندھیوں کا ہے . انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں مستقل آباد لوگوں کو سندھی سمجھتے ہیں۔ سندھیوں کے مفادات کے فیصلے اسلام آباد سے بیٹھ کر نہ کئیے جائیں بلکہ سندھی عوام کے فیصلے کا حق سندھ کے لوگوں کو دیا جائے۔ سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ ہم سندھ کے عوام کے جائز حقوق کے لیے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔