تحریک انصاف کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظورکر لیے ہیں۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق استعفوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ، پیکر نے استعفے آئین کےآرٹیکل 64کی شق (1) کے تحت منظور کئے ۔ سپیکر نے جن ممبران کےاستعفے منظور کئے ان میں علی محمد خان این اے 22، فضل محمد خان این اے 24، شوکت علی این اے 31، فخر زمان خان این اے 45 ، فرخ حبیب این اے 108، اعجاز احمد شاہ این اے 118، جمیل احمد خان این اے 237 ، محمد اکرم چیمہ این اے 239،عبدالشکور شاد این اے 246، اور مخصوص نشستوں پر منتخب شیریں مزاری ، شندانہ گلزار خان شامل ہیں ۔ پی ٹی آئی کے 135 ارکان قومی اسمبلی نے 11 اپریل 2022 کو استعفے دیے تھے، جن میں سے 11کے استعفے گزشتہ روز منظور کرلئے گئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت قومی اسمبلی میں عددی اکثریت لا کر قانون سازی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں ، اتحادی جماعتوں کی طرف سے یہ سوچ بھی پائی جاتی ہے کہ قومی اسمبلی میں اکثریت بڑھا کر صدر کے مواخذے کیلئے مطلوبہ تعداد پوری کی جا سکتی ہے ۔ صدر کے مواخذے کیلئے دونوں ایوانوں کے 292 ارکان کی ضرورت ہے ، استعفوں کی اجتماعی منظوری سے ضمنی انتخابات کا انعقاد مشکل ہو جا تا اس لئے استعفوں مرحلہ وار منظوری کا عمل شروع کیا گیا ہے ، استعفوں کا نوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن کو بجھوا دیے گیے، سپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ استعفیٰ دینے کےکچھ قواعدو ضوابط ہیں کوئی ممبراستعفیٰ دیتا ہے تو میرا فرض ہے تعین کروں کہ اس نے بغیرکسی دباؤ کے استعفیٰ دیا جب تک یہ بات واضح نہ ہو استعفیٰ منظور نہیں کیا جا سکتا۔سپیکر کی طرف سے منظور کئے گئے استعفوں میں عمران خان ، فواد چوہدری ، شاہ محمود قریشی اور دیگر سینئر لیڈروں کے نام نہیں ہیں ،