حکومت میں آنے کا مخالف تھا، لاڈلے کا چار سالہ گند ہم پر ڈال دیا گیا، نواز شریف

29 جولائی ، 2022

اسلا م آباد(خصوصی نامہ نگارخبرایجنسی )مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ صرف ملک بچانے کیلئے حکومت میں آنا قبول کیا، میں پہلے دن سے ہی حکومت میں آنیکا مخالف تھا، لاڈلے کا 4 سالہ گند ہم پرڈال دیاگیا،حکومت میں رہنا مزید مسائل کا عندیہ دے رہا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اسلام آبادمیں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ نواز شریف نے پارٹی قیادت سے مرکز میں حکومت چھوڑنے کے آپشن پر بات چیت شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کی پارٹی قیادت سے قبل ازوقت انتخابات کے آپشن پربھی بات چیت ہوئی،نواز شریف پی ڈی ایم رہنمائوں اور شہباز شریف سے کئی بار قبل از وقت انتخابات اور حکومت چھوڑنے کے آپشن پر بات کرچکے ہیں تاہم آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر نے حکومت چھوڑنے کی مخالفت کی ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت میں رہنا مزید مسائل کا عندیہ دے رہا ہے۔