جشن آزادی تقریبات کا آغاز آج ہوگافیملیز، بچے اور نوجوان آزادی کے ولولہ انگیز جذبوں کا حصہ بنیں، مریم اورنگزیب

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان” کے عنوان سے جشن آزادی کی رنگا رنگ ملک گیر تقریبات کا (آج) جمعرات کی شب 8 بجے آغاز ہو رہا ہے، فیملیز، بچے اور نوجوان سامراجی غلامی سے آزادی کے ولولہ انگیز جذبوں کا حصہ بنیں۔جمعرات کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے 75سال پورے ہونے پر اسلام آباد کے ڈی چوک میں جمعرات کی شام قومی ترانوں اور ملی نغموں کا مقابلہ ہوگا جسے کراچی میں دو تلوار،کلفٹن، لاہور کے لبرٹی چوک، کوئٹہ میں میزان چوک اور پشاور میں بھی براہ راست دکھایا اور منایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں ملی نغموں کے مقابلے میں پاکستان کے نامور گلوکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ فیمیلیز، بچوں اور نوجوانوں کو دعوت ہے کہ وہ سامراجی غلامی سے آزادی کے ولولہ انگیز جذبوں کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک کو پاکستان کے اتحاد، یک جہتی اور ترقی کے عزم عالی شان کی علامت بنائیں۔