ق لیگ،شجاعت پارٹی صدارت،طارق چیمہ سیکرٹری جنرل کے عہدے سے فارغ

29 جولائی ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ق نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت جبکہ طارق بشیر چیمہ کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹادیا ہے سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں ہوا ، صدارت سینیٹر کامل علی آغا نے کی۔اجلاس میں چودھری شجاعت کو صدر اور طارق بشیر چیمہ کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی گئی تھی اور عہدے سے ہٹانے کا اعلان کامل علی آغا نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اجلاس کے فیصلے کے مطابق دس دن کے اندر پارٹی میں نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا، انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے 5 رکنی الیکشن کمیشن تشکیل دے دیا گیا جبکہ جہانگیر اے جوجہ الیکشن کمشنر ہونگے۔ کامل علی آغا نے کہا یہ شارٹ نوٹس پر ہنگامی اجلاس تھا ، 83 لوگ شریک ہوئے، طویل مشاورت کے بعد چار سے 5 قراردادیں پاس ہوئیں،انھوں نے کہا تین حضرات کی طرف سے کارروائیاں پارٹی کے لیے بڑی نقصان دہ ثابت ہوئیں، چودھری شجاعت حسین کے ساتھ بڑا دیرینہ تعلق رہا انھیں اور طارق بشیر چیمہ کو عہد وں سے ہٹا دیا گیا ہے، انھوں نے کہا پرویزالہیٰ کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد سبطین خان کی بطور سپیکر پنجاب اسمبلی حمایت کریں گے ۔