PTI کے خلاف تحقیقات، ڈیکلریشن دائر ہوگا، غیرملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی، پارٹی قیادت کے خلاف پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت کارروائی ہوگی، وفاقی کابینہ

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے ممنوعہ فنڈنگ پر تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف پولیٹیکل پارٹیزآرڈر2002کے تحت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاشورہ کے بعد وزارت قانون تمام قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیکلریشن سپریم کورٹ بھیجنے کیلئے کابینہ میں پیش کرے گی ‘ فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کرے گیجبکہ وفاقی وزیر اطلاعا ت مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002ء اور الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت حکومت آئین اور قانون کے مطابق اس پر عمل درآمد کرنے کی پابند ہے،کیس اکبر ایس بابر الیکشن کمیشن میں لے کر گئے تھے‘مسلم لیگ (ن) اور حکومت وقت کا کوئی تعلق نہیں‘تحریک انصاف غیر ملکی امدادلینے والی پارٹی ڈکلیئرہوئی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ حکومت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ڈیکلریشن سپریم کورٹ بھجوانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔آٹھ سال میں تحریک انصاف نے اس کیس میں 51 التواء حاصل کئے۔عمران خان نے پانچ مرتبہ جعلی بیان حلفی جمع کروائے،وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ کو پاکستان ری انشورنس کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی کے لئے تین افراد پر مشتمل پینل پیش کیا گیا، کابینہ نے فرمان اللہ کو چیف ایگزیکٹو بنانے کی منظوری دی۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کو 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک دیئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تباہ شدہ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے بھی 5 لاکھ روپے فی خاندان ادائیگی کی جا رہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مل کر سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے مشترکہ سروے کیا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے اس موقع پر وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کی قیادت میں ایک کمیٹی بھی منظوری دی جس کا مقصد مشترکہ سرویز پر غور کرنا اور صوبوں کے ساتھ مل کر بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے منصوبہ بندی کرنا ہے، کمیٹی کے باقی ارکان کے ناموں کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اور ڈنمارک کی حکومتوں کے درمیان فریم ورک ایگریمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔انہوںنے کہاکہ وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کو یومِ آزادی کے حوالے سے قیدیوں کی سزائوں میں تین ماہ کمی کرنے کی سفارش کی۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے تفصیلی غور و خوص کے بعد وزارِت داخلہ اور وزارت قانون کو ہدایت کی کہ وہ ملک کے 75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے قیدیوں کی سزائوں کے حوالے سے دوبارہ سمری پیش کریں،اس سلسلے میں متعلقہ قوانین کی روشنی میں بزرگ قیدیوں، خواتین، بچوں اور وہ تمام قیدی جو اپنی سزا کا دو تہائی حصہ کاٹ چکے ہیں، ان کے لئے سزائوں میں خصوصی کمی تجویز کی جائے ۔