ملک بھر میں حلقہ بندیاں مکمل ، الیکشن کمیشن انتخابات کروانے کیلئےتیا ر

05 اگست ، 2022

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرلیا جس کے بعد الیکشن کمیشن کسی بھی وقت الیکشن کروانے کے لئے تیار ہے۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر دائرتمام اعتراضات دورکردیئے ہیں۔حلقہ بندیوں کی حتمی رپورٹ بھی شائع کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام قومی اورصوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لئے حلقہ بندیاں مکمل کرلی ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اورصوبائی اسمبلی کی نشستوں کے حوالے سے ابتدائی حلقہ بندیاں یکم جون کو جاری کی تھیں۔ حلقہ بندیوں کی اشاعت یکم جون سے 30جون تک جاری رہی تھی۔ حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز پر الیکشن کمیشن نے یکم جولائی سے 30جولاِئی تک سماعت اور فیصلے کیے۔ تمام اعتراضات دور کرنے کے بعد حتمی حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔