سندھ اسمبلی، بلوچستان میںشہید فوجی افسران کیلئے تعزیتی قرارداد منظور

05 اگست ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) سندھ اسمبلی ، ایوان نے جمعرات کو بلوچستان کے سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف کور کمانڈر کوئٹہ اور پاک فوج کے دیگر افسران کی ہیلی کاپڑ حادثے میںشہادت پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک مشترکہ تعزیتی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی جس میں جام شہادت نوش کرنے والے وطن کے ان عظیم سپوتوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی گئی ہے ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ قرارداد پیپلزپارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے ایوان میں پیش کی تھی۔ جس کی ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور دیگر پارلیمانی پارٹیوں کی جانب سے بھی مکمل تائید کی گئی۔ محرک کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے بلوچستان میں سیلاب زدگان کی جس انداز میں خدمت کی گئی ہے اس پرپاک آرمی کی جتنی بھی تعریف کریں وہ بہت کم ہے۔کوئی بھی صورتحال ہو ہمیشہ افواج پاکستان نے بڑھ چڑھ کر خدمت کی ہے۔کور کمانڈر کوئٹہ اور پاک فوج کے افسران نے شہادت پائی جس پر پوری قوم سوگوار ہے۔ہم بھی شہداکے گھرانے والوں کے ساتھ ہیں۔ہم ان کی بے مثال خدمت کو سراہتے ہیں۔تحریک انصاف کے جمال صدیقی کا قرار داد پر اظہار خیال کہا کہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے انہوں نے جام شہادت نوش فرمائی۔ہم۔شہداءکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو صورتحال تھی اس میں ہمارے جوان ریلیف کا کام کررہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پاک فوج ہمارا فخر ہے جو ملک میں آنے والی ہر آفت میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی ہے۔قرارداد پر دیگر ارکان بھی اظہار خیال کیا ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کی مغفرت فرمائے اور ان کے لوحقین کو صبر دے۔ بعدازاں ایوان نے اس قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ سندھ اسمبلی نے جمعرات کواپنے اجلاس میں سندھ کمپنیز پرافٹ ورکرز پارٹی سپیشن ترمیمی بل کی بھی منظوری دی جس کے بعد ایوان کی کارروائی جمعہ کی دوپہرتک ملتوی کردی گئی۔