وسائل ہونے کے باوجود آئی ایم ایف کے غلام ہیں، شہبازشریف

05 اگست ، 2022

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ آخری فردکے اپنے گھر میں آبادہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، 22 کروڑعوام کی مدد ،محنت و تعاون سے پاکستان کوقائداعظم کا عظیم ملک بنانے کے خواب کوعملی جامہ پہنانے کے راستے میں کوئی رکاوٹ یامشکل کھڑی نہیں ہوسکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وسائل سے مالا مال ملک کا معاشی طور پر آئی ایم ایف کا غلام ہونا لمحہ فکریہ ہے،تمام جمہوری اور مارشل لا حکومتیں درد دل سے کام لیتیں تویہ حالات نہ ہوتے، ہمیں اس سے محنت اوراتحاد سےنجات حاصل کرنی ہے، متاثرین سیلاب کے مسئلے پر کوئی اختلاف نہیں ،خیبر پختونخواہ سمیت تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر خدمت کررہے ہیں،سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے سب کو اجتماعی حصہ ڈالنا ہو گا،آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، اس پر کوئی سیاست نہیں ہوگی ۔،انہوں نے متاثرین سیلاب کی امدای رقم بڑھانے کا اعلان بھی کیا۔