نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے عدالت سے رجوع کرینگے،فواد

05 اگست ، 2022

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا اشارہ دیا ہے نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے عدالت سے رجوع کرینگے،جو جعلی حلف نامہ شہباز شریف کیجانب سے جمع کروایا گیاہم اس پر بھی کارروائی کیلئے کہہ سکتے ہیں یہ ایک جرم ہے۔ ایک انٹرویو میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اس وقت جو سیاسی پوزیشن ہے، میرے خیال میں تمام سیاسی جماعتیں اگر بیٹھ کر خود آپس میں بات کرلیں تو بہتر ہے۔انہوں کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کا ایک سیاسی کردار رہا ہے لیکن فی الحال سیاسی جماعتوں کو میچیورٹی دکھانی چاہیے، اگر سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کرنا چاہیے لیکن آئیڈیل حالات سیاسی جماعتوں کا آپس میں ہی فریم ورک ترتیب دینا ہے۔انھوں نے کہا کہ اب یہ شہباز شریف پر منحصر ہے کیونکہ اس وقت وہ وزیراعظم ہیں، ان کا کام ہے کہ وہ انتخابات کا اعلان کریں اور سیاسی جماعتوں کو بیٹھنے کی دعوت دیں تو ظاہر ہے بات چیت شروع ہو جائے گی۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی 2 صوبوں میں اپنی حکومت ہے، بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے اور سندھ میں پی پی کی حکومت ہے، اگر آپ نے چاروں صوبائی اسمبلوں کو تحلیل کرنا ہے تو بھی آپ کو فریم ورک ترتیب دینا ہوگا وہ تو پھر بات چیت سے ہی ممکن ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور جو جعلی حلف نامہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کروایا گیا ہم اس پر بھی کارروائی کے لیے کہہ سکتے ہیں کیوں کہ یہ ایک جرم ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا ہے کہ فاشسٹ حکومت الیکشن کمیشن کو استعمال کر کے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنا چاہتی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ پورا اسلام آباد اس وقت ایک محصور شہر کا منظر پیش کر رہا ہے، نام نہاد فاشسٹ حکومت الیکش کمیشن کو استعمال کر کے اپوزیشن پر پابندی اور سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت سے نجات میں پاکستان کی نجات ہے، عوام پنجاب کے بعد اب اسلام آباد کو بھی آزاد کرانے کیلئے تیار ہیں۔