حادثات میں ملوث افسران و اہلکاروں کو سزا دی جائے، کیسکو لیبر یونین

05 اگست ، 2022

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)کیسکو لیبر یو نین بلوچستان کا اجلاس صدر پیر محمد کاکڑ کی زیرصدارت ہوا جس میں چیئر مین عزت اللہ بلوچ ،جنرل سیکرٹری ملک سعید جان لہڑی، سر پرست اعلیٰ آغا سلطان شاہ ،حاجی عبد المجید ،عزیز احمدسارنگزئی ،حاجی عبد السلام مہربان، آصف شاہوانی، نصر اللہ بنگلزئی، مشتاق حسین ودیگر نے شرکت کی اجلاس میں دالبندین سب ڈویژن کے لائن مین زاہد امام کی کام کے دوران شہادت پر افسوس کیا ، انہوں نے کہا کہ کیسکو میں یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی درجنوں واقعات ہوئے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور اب تک ایک سو تیس 130کے قریب کیسکو کے جفاکش اپنی قیمتی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور درجنوں ملا زمین شدید زخمی ہوئے جن میں بعض عمر بھر کے لئے معذور ہوچکے ہیں لیکن آج تک ان کی شفاف انکوائری نہیں ہوئی ہے اگر کسی نے شفاف انکوائری کی کوشش کی ہے تو انہیں سیٹوں سے ہٹا دیا جاتاہے کیسکو کا سیفٹی ڈائریکٹریٹ عملی طور پر بے اثر ہوچکاہے اور اب صرف شہدا اور زخمیوں کی لسٹوں کا ریکارڈ روم بن چکاہے آج تک کسی کو بھی ملوث افسر یا اہلکار کو سزا نہیں ہوئی جبکہ دوسری طرف بعض عناصر کی جانب سے دفاتر کی بندش جلسوں اور مظاہروں کے ذریعے اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے جارہے ہیں اور کمپنی روز بروز زوال پذیر ہورہی ہے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام حادثات کی انکوائریاں پبلک کی جائیں ،غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کو سزادی جائے،کیسکو میں ہزاروں خالی پوسٹوں پر جلد شفاف تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں۔