ایف بی آر میں اصلاحات جاری، فکس ٹیکس کا نفاذ صرف ریٹیلرز پر ہو گا، چیف کمشنر انکم ٹیکس

05 اگست ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیف کمشنرانکم ٹیکس بلوچستان شاہد محمود شیخ نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کا عمل جار ی ہے، نئی ٹیکس رجیم کے حوالے سے آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا،فکسڈ ٹیکس کا نفاذ صرف ریٹیلرز پر ہوگا،یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز انجمن تاجران کے صدررحیم آغاکی قیادت میں ملنے وا لے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیں اس موقع پر ٹیکس افسران بھی موجود تھے چیف کمشنرانکم ٹیکس نے کہا کہ بزنس کمیونٹی میں فکسڈ ٹیکس سے متعلق جو غلط فہمیاں پائی جا رہی ہیں ان کو آگہی سیشن کے ذریعے دور کیا جائےاس حوالے سے مرحلہ وار انجمن تاجران ،چیمبرز آف کامرس،ٹیکس وکلا و دیگر کے ساتھ ایف بی آر سیشن کرے گا کیونکہ نئی ٹیکس رجیم کو سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ فنانس ایکٹ میں ترمیم کے بعد متعدد قوانین میں تبدیلی آئی ہےانہوں نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس کا نفاذ صرف فکریٹیلرز پر ہوگا اوراس مد میں جمع ہونے والا ٹیکس فائنل ٹیکس ہوگا جس کی وجہ سے ٹیکس گزار ٹیکس آڈٹ ،فردر ٹیکس، اضافی ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس سے بھی مستثنیٰ ہوگاانہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیوکا مقصد صرف قانونی تجارت کرنے والوں کو تحفظ دینا ہے بزنس کمیونٹی ،نجی و سرکاری ملازمین کو چاہے کہ وہ بروقت اپنی آمدن کے گوشوارے جمع کرائیں تا کہ وہ جرمانوں سے بچ سکیں جبکہ گوشوارے جمع کرانے کا ہر گز مقصد ٹیکس کی ادائیگی نہیں بلکہ اسکا مقصد سالانہ آمدن کی تفصیل فراہم کرنا ہے چیف کمشنر نے آخر میں تاجر برادری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔