ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ٹکری حمید بنگلزئی

05 اگست ، 2022

کوئٹہ(پ ر)انجمن تاجران و دکانداران بلوچستان کے چیئرمین ٹکری حمید بنگلزئی نے ٹرانسپورٹروں کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور ارباب اختیار ٹرانسپورٹروں پر عائد کئے جانے والے ٹیکسز اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے انہیں ریلیف دے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر تنظیم کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اکرم محمد شہی سعید احمد ساتکزئی سیف اللہ بنگلزئی سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ٹکری حمید بنگلزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں نے ہمیشہ عوام کو بہتر سفری سہولت کی فراہمی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اربوں روپے کے ٹیکس دینے کے باوجود حکومت اور متعلقہ محکمے کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کو کوئی ریلیف نہیں دیا جارہا حکومت نے جس تیز رفتاری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچایا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی مہنگائی کے باعث گاڑیوں کے ٹائر سپیئر پارٹس اور دیگر سامان کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔