گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی کا ہڑتالی کیمپ جاری

05 اگست ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن (آئینی) بلوچستان کا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا ، جمعرات کو جی ٹی اے (آئینی) بلوچستان کے صدر مجیب اللہ غرشین کی قیادت میں آٹھ اساتذہ تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے گزشتہ روز جی ٹی اے (آئینی) بلوچستان کے صدر مجیب اللہ غرشین اور صوبائی سیکرٹری جنرل قادر رئیسانی نے کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18 جولائی سے شروع ہونے والی تحریک کے ثمرات ضرور حاصل ہوں گے کسی کو اساتذہ کے جائز حقوق غصب کرنے نہیں دیں گے ، انہوں نے کہا کہ جی ٹی اے آئینی منظور شدہ مطالبات پر عمل درآمد کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک احتجاج جاری رکھے گی ، اساتذہ مطمئن رہیں مطالبات سے کسی صورت دستبرار نہیں ہوں گے ۔