شہدائے پولیس کی یاد آج بھی دلوں میں تازہ ہے ‘ زبیر احمد درانی

05 اگست ، 2022

سبی(نامہ نگار) بلوچستان کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ چودھری سلیمان اور ڈپٹی کمانڈنٹ قمر زمان کی ہدایت پر صوبے بھر کی طرح سبی زون میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا ۔ سبی ‘جعفر آباد ‘نصیر آباد ‘اوچ پاور پلانٹ ‘سوئی ‘ مچھ اور ڈھاڈر میں قرآن خوانی کی گئی اور دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں ۔ زونل کمانڈر سبی زبیر احمد درانی نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔ شہداء پولیس کی یاد آج بھی دلوں میں تازہ ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ان شہدا کے نام ہے جنہوں نے فرض شناسی و بہادری سے قانون کی بالا دستی اور جرائم کی سرکوبی کی خاطر اپنی جانو ں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے شہدا محکمے کے ماتھے کا جھو مر ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے لئے اپنی جانیں قر بان کیں ان شہیدوں کے پاک خون کا قرض ہمارے ذمے ہے اور ہم ان کی قربانیوں کو کسی صورت نہیں بھو لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھی ان شہدا کی طرح جان قربان کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں اور ان شہدا کے ورثا کے لئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔زونل کمانڈر سبی زبیر احمد درانی دیگر افسران و اہلکاروں کے ہمراہ شہید کانسٹیبل نیاز محمد سمیت دیگر شہدا کے گھروں پر گئے اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔