قیام امن کے لیے پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ،ترجمان صوبائی حکومت

05 اگست ، 2022

کوئٹہ (خ ن)ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پرعوام کےمحافظوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی صوبے میں امن و امان کے قیام اورسماج دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ان بہادروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت اور ان بہادر سپوتوں کی شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو کبھی بھلاتی نہیں۔دیگر فورسز کی طرح بلوچستان پولیس بھی ملک و قوم کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرتے ہوئے ملک کے اندورنی دشمنوں سے نبردآزما ہے۔ وطن عزیز کے اندر عوام کی جان و مال عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے بلوچستان پولیس اپنی زمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہے۔جو کہ ملک بھر میں دہشت گردی ، چوری ، ڈکیتی ، اغواءبرائے تاوان اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم کے خلاف برسرپیکارہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر ملک کی حفاظت کر تے ہیں تو پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز ملک کے اندر موجود دشمنوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں مصروف عمل رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی ہو یا امن و امان کا قیام ، دہشت گردی کا خاتمہ ہو یا سماج دشمن عناصر سے مقابلہ ہر محاذ پر پولیس فورس کے بہادر جوان اپنی ذمہ داریوں سےاحسن طور پر عہدہ براہ ہوتے ہوئے جام شہادت نوش کر تے آئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یوم شہدائے پولیس منانے کا مقصد قوم کے ان بہادر سپوتوں کی شجاعت کو سلام اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ان کی یادیں اور خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرناہے۔