سانحہ 8اگست ،ملوث افراد کو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دیجائے ،وکلاء سیاسی رہنما

05 اگست ، 2022

کوئٹہ(پ ر)شہید باز محمد کاکڑ فاؤنڈیشن و اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سانحہ 8 اگست 2016 کی یاد میں تعزیتی ریفرنس بمقام اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوا۔ جس میں وکلاء، سیاسی و سول سوسائٹی ہیومن رائٹس کمیشن کے ممبران، صحافی شریک ہوئے۔ مقررین میں ایڈووکیٹ حامد خان، سابق وزیر اعلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی ، صوبائی صدر اے این پی اصغر خان اچکزئی، چیئرمین شہید باز محمد کاکڑ فاؤنڈیشن ڈاکٹر لعل خان کاکڑ، بار کونسل صدر اسلام آباد ہائی کورٹ شعیب شاہین، صدر کراچی بار نعیم قریشی، صدر ہائی کورٹ بلوچستان عبدالمجید کاکڑ، صدر کوئٹہ بار اجمل کاکڑ، ممبر پاکستان بار کونسل مقصود بٹر، ممبر پنجاب بار کونسل توقیر حسین، سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار ضیاء الرحمان، سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار شفقت چوہان ، سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایڈووکیٹ رانا ضیاء، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ جہانزیب جدون ،ممبر پاکستان بار کونسل بیریسٹر عابد زبیری، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ایمل کاسی،سابق جنرل سیکرٹری سندھ ہائی کورٹ بار حسیب جمالی نے شہید وکلاء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کو تقریباً 6 سال بیت گئے بدقسمتی سے لواحقین اور یتیم بلوچستان کو انصاف نہیں مل سکا۔ جسٹس فائز عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ میں سب کچھ واضح ہوگیا تھا۔ لیکن انصاف کی فراہمی میں تاخیری حربے استعمال کئے گئے اور تاحال لواحقین و اہلیان بلوچستان انصاف کی فراہمی سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کی روشنی میں من و عن عمل کرکے اس سنگین نوعیت کے واقعے میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔