توقع ہے نئے کور کمانڈرصوبے میں امن کیلئے کلیدی کردار ادا کرینگے، نوشیروانی

05 اگست ، 2022

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کی بحیثیت کور کمانڈر 12کور بلوچستان تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و شانتی کے لئے وہ اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے کیونکہ ان کی تعلیم بلوچستان سے ہے اور وہ یہاں کے مزاج روایت اور ثقافت سے بخوبی واقف ہیں بلوچ اور پشتون اقوام عزت چاہتے ہیں۔ یقینا وہ صوبے کی ان روایات کی پاسداری کرتے ہوئے جاری شورش کو پیارو محبت اور مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے کیونکہ بلوچستان کو لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کی صورت میں ایک ایماندار، دلیر اور شریف النفس جنرل ملا ہے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ بلوچستان کا مسئلہ گولی سے حل نہیں ہوگا بلکہ طاقت کے استعمال سے نفرتیں اور دوریاں مزید بڑھیں گی، ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان کے مسئلے کے حل میں اس طرح سے دلچسپی نہیں لی جس طرح سے لینی چاہئے تھی کیونکہ ماضی کی ان حکومتوں کو معلوم تھا کہ اگر وہ بلوچستان کے مسئلے کے حل کیلئے خان آف قلات، نوابزادہ براہمدغ بگٹی، میر جاوید مینگل، نوابزادہ حیر بیار مری، ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ کو اعتماد میں لیتے ہیں تو ان کا پتہ کٹ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ آرمی چیف جنرل باجوہ وزیراعظم میاں شہباز شریف جنرل ندیم انجم اور نئے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور بلوچستان میں جاری شورش کو ختم کرنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے اور خان آف قلات، نوابزادہ براہمدغ بگٹی، نوابزادہ حیر بیار مری، میر جاوید مینگل اور ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ سے مذاکرات کرکے ان کے تحفظات دور کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان اب مزید ان نفرتوں و دوریوں اور قتل و غارتگری کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ اس صورتحال میں نقصان دونوں طرف کا ہے بلوچستان میں آباد بلوچ پشتون اور دیگر اقوام عزت چاہتے ہیں اگر عزت سے کوئی ایک قدم آگے بڑھائے گا تو وہ دس قدم آگے آئیں گے لہذا امید ہے کہ بلوچستان کی روایات، ثقافت اور مزاج سے واقف نئے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کے مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔