کراچی ، سات ماہ کے دوران مقابلے،47ملزمان ہلاک ، 756 گرفتار

05 اگست ، 2022

کراچی(ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )کراچی میں رواں برس کے پہلے سات ماہ کے دوران مقابلوں میں 47 ملزمان ہلاک اور 756 ملزمان گرفتار کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق سال 2022 میں یکم جنوری سے 31 جولائی تک شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان 486 مقابلے ہوئے،ان مقابلوں کے دوران مجموعی طور پر 47 ملزمان کو ہلاک اور 608 زخمی ملزمان سمیت 756 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 716 ہتھیار برآمد کئیے گئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق اقبال مارکیٹ پولیس نے مقابلوں میں 5 ملزمان کو ہلاک کیا،سرجانی پولیس نے 4،تیموریہ پولیس نے 4،گلشن اقبال پولیس نے 3،اسٹیل ٹاؤن پولیس نے 3،اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے 3،منگھوپیر پولیس نے 2،سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے 2،سرسید پولیس نے 2 جبکہ بلال کالونی ،سہراب گوٹھ،نیو کراچی صنعتی ایریا ،شیرشاہ،شاہراہ نور جہاں،سکھن،بن قاسم،اتحاد ٹائون ،اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ،شریف آباد،کورنگی صنعتی ایریا،سائٹ بی،پاکستان بازار،نیو کراچی،ڈاکس،سچل،زمان ٹاؤن ،عید گاہ اور درخشاں پولیس نے مقابلوں میں ایک ایک ملزم کو ہلاک کیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ان مقابلوں میں ایک اہلکار شہید اور 9 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔