بھارت،غیرقانونی سرگرمیوں پر 4ہزار 690افرادگرفتار،149کو سزائیں

05 اگست ، 2022

نئی دہلی(کے پی آئی) بھارت میں تین سال میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یو اے پی اے کے تحت 4 ہزار690 افراد کو گرفتار جبکہ 149 کو سزائیں سنائی گئیں ۔بھارتی زیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ 2018 سے 2020 کے درمیان غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ(یو اے پی اے) کے تحت کل 4,690 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان میں سے 149 کو سزا سنائی گئی۔ ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2020 میں یو اے پی اے کے تحت 1,321 لوگوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس سال 80 لوگوں کو سزا سنائی گئی تھی۔ 2019 میں یو اے پی اے کے تحت 1,948 لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور 34 لوگوں کو مجرم ٹھہرایا گیا اور 2018 میں، 1,421 لوگوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 35 لوگوں کو سزا سنائی گئی ۔یو اے پی اے کے تحت سب سے زیادہ لوگوں کو اتر پردیش میں گرفتار کیا گیا، اس کے بعد منی پورہ اور مقبوضہ کشمیر میں گرفتار ہوئے۔مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق، 2018 اور 2020 کے درمیان یو اے پی اے کے معاملات میں 3.2 فیصد سزا سنائی گئی۔