بلوچستان کے تمام اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے، عبدالقادر بلوچ

05 اگست ، 2022

خاران(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق سابق وفاقی وزیر جنرل ر عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون شدید بارشوں طوفانی ہواؤں اور سیلاب نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں کو تباہی و بربادی سے دو چار کردیا ہے بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارش و سیلاب کی وجہ سے لوگوں کے مکانات، سامان، مال مویشی، اغات، فصلیں، زرعی ٹیوب ویلز، زرعی زمینیں وبند صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں اور کئی علاقوں میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوگیا ہے۔ بلوچستان میں ہزاروں لوگ گھروں سے محروم ہوکر کھلے آسمان تلے بھوک و فلاس اور بے سرو سامانی کے باعث شدید مشکلات سے دو چار ہیں، جنرل ر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے عام شہری بلکہ دیہاڑی دار طبقہ بے روزگاری کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرین کے بحالی کی کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں۔ رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے کئی شہروں کا ایک دوسرے سے آمد و رفت کا سلسلہ منقطع ہے. اس سلسلے میں وفاقی اور بلوچستان حکومت سمیت پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے کو متاثرین کے فوری بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ پریشان حال عوام کو فوری طور پر صحت خوراک اور رابطہ سڑکوں کیلئے ریلیف مل سکے۔