مسلم لیگ کی مجلس عاملہ کا اجلاس‘ چوہدری شجاعت پر مکمل اعتماد کا اظہار

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی صدارت میں ان کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا۔ جس میں پنجاب کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی صحت کے حوالے سے دیئے گئے بیان کی شدید مذمت کی گئی۔ غیر قانونی اجلاس کی صدارت کرنے والے کامل علی آغا اور اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ سمیت پارٹی کے اراکین مجلس عاملہ، صوبائی صدور، مرکزی عہدے داروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ قراردادوں کے ذریعے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت کے حوالے سے نازیبا کلمات اور اعلامیہ کی شدید مذمت کی گئی۔ مسلم لیگ سندھ کے صدر، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت کے عہدیداروں نے لاہور اجلاس سے لاتعلقی کا اعلا ن کردیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی تنظیم کے غیر قانونی اقدام کو چیلنج کرنے کے لئے قانونی ٹیم سے مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں ایک قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب کی تنظیم 10 اگست کو اجلاس بلانے کی مجاز نہیں، غیرقانونی اجلاس میں شرکت کرنے والوں کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔