بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کررہاہے، پیپلزپارٹی

05 اگست ، 2022

کوئٹہ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیر خان جمالی، جنرل سیکر ٹری روزی خان کاکڑ، صوبائی سیکر ٹری اطلاعات سر دار سر بلند خان جو گیزئی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کوماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے، آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کوتین سال مکمل ہوجائیں گے،5 اگست 2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے، بھارت مسلسل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے،یہ بات انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی، انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں نو لاکھ سے زائد بھارتی افواج قابض ہیں، مقبوضہ جموں کشمیر میں لاک ڈاوٴن، انٹرنیٹ کی بندش اور کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیری لیڈرشپ کوحق خودارادیت کیلئے آوازاٹھانے پرقیدمیں رکھاہواہے،5 اگست 2019ء سے اب تک بھارت نے 660 کشمیریوں کو شہید کیابھارت نے کشمیریوں کی زمین کو غیرقانونی طور پر ہتھیانے کے لئے متعدد انتظامی اور قانونی ہتھکنڈوں کا استعمال کیا، مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کی غیر قانونی آباد کاری اس سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہاکہ غیر قانونی ڈومیسائل، غیر کشمیریوں کی غیر قانونی آبادکاری کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے یہ غیر قانونی اقدامات مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو ان کی زمینوں پر اکثریت سے اقلیت میں بدلنے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔