پی ٹی آئی نے کوئی کام نہیں کیا،ہم ترقی کاسفردوبارہ شروع کریں گے، فضل الرحمٰن

05 اگست ، 2022

ڈی آئی خان(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی نے کوئی کام نہیں کیا،ہم ترقی کاسفردوبارہ شروع کریں گے،وزیراعظم شہباز شریف دکھی اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لئے خیبرپختونخوا آئے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کے دوران کیا ۔ان کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں صوبے میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔خیبرپختونخوا میں مل کر دوبارہ سے ترقیاتی سفر کو شروع کریں گے۔مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ڈی آئی خان کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں ،کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت میں صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ۔امیر جمعیت نے وزیراعظم شہبا ز شریف کے ڈیرہ اسمٰعیل خان آنے اور سیلاب زدگان کی دادرسی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دکھی اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لئے خیبرپختونخوا آئے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔