بھارتی غیر قانونی اقدامات کو 3 سال مکمل،پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جائیگا،مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی

05 اگست ، 2022

سری نگر، مظفر آباد(نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کو تین سال مکمل ہونے پر آج آزادکشمیر اور پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال اورع یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی ، سول کرفیو اور بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے، آزاد کشمیر میں بھی بھارت کے خلاف احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے ہوں گے۔ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج درج کریا جائے گا ۔ سول سوسائٹی کی تنظیمیں کشمیری عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے سیمیناروں اور دیگر پروگراموں کا اہتمام کریں گی۔ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر نے بتایا کہ مظفرآباد میں سب سے بڑی ریلی پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر اور پاسبان حریت کے باہمی اشتراک سے سینٹرل پریس کلب کے سامنے آزادی چوک سے اقوام متحدہ کے مشن دفتر تک پیدل مارچ کرتے ہوئے جا کر سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریس کے نام بھارتی مظالم اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام، دنیا کے طویل ترین لاک ڈاؤن اور کرفیو کے نفاذ پر احتجاجی میمورنڈم پیش کرے گی۔ریلی کی قیادت آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیز احمد غزالی، پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر، وائس چیئرمین مشتاق السلام کریں گے ۔پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین، سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور نے آزادکشمیر، مہاجرین اور بیرون ممالک میں قائم جملہ تنظیموں کو بھرپور احتجاجی ریلیاں نکالنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے بھارتی جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ 3برس کے دوران فرقہ پرست مودی حکومت کے تمام غیر آئینی اور سامراجی اقدامات کو یکسر مسترد کیا ہے جن کی وجہ سے مقبوضہ علاقہ ایک عقوبت خانے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانے کا مقصد مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین جرائم سے عالمی برادری کو آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 جموں و کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ آج یوم سیاہ کے طور پر منائیں تاکہ دنیا کو یہ مضبوط پیغام دیا جا سکے کہ کشمیری جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قبول نہیں کرتے۔سرینگر اور دیگر علاقوں میں ایک بار پھر کشمیری رہنما یاسین ملک کی حمایت میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے۔ یہ پوسٹر جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم ، جموں وکشمیرپولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ اور دیگر مختلف حریت پسند تنظیموں کے حامیوں نے چسپاں کئے ہیں۔ پوسٹروںمیں لکھا گیا ہے کہ ہندوتوا حکمران کشمیری رہنما یاسین ملک اورکشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں نیزکشمیر مخالف بھارتی پالیسی خطے میں امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔کشمیر میں بھارتی جارحیت پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیاہے۔