شہباز شریف نے پولیس شہداء کے لیے کچھ نہیں کیا،صرف ٹوپی ڈرامہ کرتےرہے،پرویز الٰہی

05 اگست ، 2022

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پولیس شہداء کے لیے کچھ نہیں کیا، شہباز شریف اور حمزہ صرف ٹوپی ڈرامہ کرتے رہے۔پولیس لائنز میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی کا کہنا تھا مجھے پتہ ہے شہدا کی فیملی پر کیا گزرتی ہے لیکن شہباز شریف نے شہداء کی فیملیز کے لیے کچھ نہیں کیا، میں نے شہداء کے الاؤنس کو ڈبل نہیں کیا بلکہ 4 گنا الاؤنس ملیں گے، پولیس کا ڈیلی فکس الاؤنس بھی بحال کر رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا شہباز شریف اور حمزہ شہباز صرف ٹوپی ڈرامہ کرتے رہے، قانون بنا کر پولیس میں ایسا نظام لائیں گے کہ جھوٹی ایف آئی آر والےکو سزا ملے گی، بہت سی پولیس ریفارمز اور نئےکام آپ دیکھیں گے، میرا محور غریب آدمی اور ان کے بچے ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پولیس ہسپتالوں کو بہترین ہسپتال بناؤں گا اور پولیس اہلکاروں کو مفت ادویات ملیں گی، پولیس شہداء کے بچے بڑے سکولوں میں مفت تعلیم حاصل کریں گے، پنچایت والا نظام بھی دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔پرویز الہٰی نے پنجاب پولیس کی وردی میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وردی نہیں آپ نے پولیس کو ڈاکیہ بنا دیا ہے، وردی پولیس کی وہ ہونی چاہیے جس سے چور ڈاکوؤں کو خوف آئے۔پنجاب کابینہ میں ق لیگ میں کسی ایک کو بھی وزیر نہ بنانے سے متعلق سوال پر پرویز الہٰی نے جواب دیا کہ عمران خان نے مجھے وزیراعلیٰ بنا دیا، کافی ہے، اب ہمارے اور پی ٹی آئی میں بکاؤ مال ختم ہو گیا ہے۔