پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے، شیری رحمٰن

05 اگست ، 2022

اسلام آ باد (آئی ا ین پی ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے، دوسروں سے تلاشی دینے کا مطالبہ کرنے والوں نے خودغیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ چھپائی، جمعرات کو اپنے بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد احتجاج کے بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان خود پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے بجائے ای سی پی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ دوسروں سے تلاشی دینے کا مطالبہ کر نے والوں نے خود 13 اکائونٹس اور غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ چھپائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود دعویٰ کرتے رہے کہ انہوں نے ممنوعہ فنڈز نہیں لیے اور صادق و امین نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا۔شیری رحمٰن نے دعوی کیا کہ یہ خیرات کے نام پر بھی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ لیتے رہے، یہاں معاملہ پیسے نہ لینے کا نہیں بلکہ اربوں روپے کی ممنوعہ فنڈنگ لینے، 13 اکائونٹس چھپانے اور مس ڈیکلیریشن کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون اور فیصلے الگ الگ نہیں ہونے چاہئے، عمران خان اور پی ٹی آئی اب قوم سے اور جھوٹ نہ بولیں۔