مئیر لندن کو میٹ پولیس کے ذریعے نگرانی بڑھانے پرممکنہ قانونی چیلنج کا سامنا

05 اگست ، 2022

لندن ( شہزاد علی)مئیر لندن کو میٹ پولیس کے ذریعے نگرانی بڑھانے کے منصوبے پرممکنہ قانونی چیلنج کا سامنا ہے۔لندن گرین پارٹی کی جانب سے عدالتی چارہ جوئی کاعندیہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اقدام عوامی مشاورت کے بغیر اٹھایاگیا۔ تفصیلات کے مطابق مئیر لندن صادق خان کو میٹرو پولیٹن پولیس سروس (ایم پی ایس) کو ٹرانسپورٹ فار لندن کے خودکار نمبر پلیٹ ریکگنیشن کیمروں (ANPRCs) کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک سے مزید تفصیلی معلومات تک رسائی دینے کے اپنے فیصلے کے خلاف ایک ممکنہ قانونی چیلنج کا سامنا ہے۔گرین پارٹی لندن کے اسمبلی کی رکن سیان بیری، گرین پارٹی کے علاقائی افسر ڈیوڈ فاربی اور اوپن رائٹس گروپ مشترکہ طور پر یہ مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں _۔50 صفحات پر مشتمل پری ایکشن لیٹر میں سالیسٹر بائنڈ مینز کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل MD2977 کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،کیوں کہ میئر فیصلہ کرنے سے پہلے عوامی مشاورت کرنے میں ناکام رہے۔ رپورٹ کے مطابق گرین لندن اسمبلی کی رکن سیان بیری نے منصوبے پر مئیر لندن صادق خان کے خلاف قانونی کارروائی کاآغاز کیا ہ ے۔ اوپن رائٹس گروپ، رازداری کی مہم چلانے والی ایک تنظیم، محترمہ بیری کے ساتھ لندن کے میئر کے توسیع شدہ الٹرا لو ایمیشن زون (Ulez) کی نگرانی کرنے والے کیمروں تک میٹ کو رسائی کی اجازت دینے کے فیصلے کی مخالفت میں کام کر رہی ہے۔ مس بیری نے کہا ہے کہ مجھے سخت مایوسی ہوئی ہے کہ میئر نے بار بار کی انتباہات پر کان نہیں دھرے ،انھیں لندن والوں کی رازداری کا تحفظ کرنا چاہیے۔ آن لندن میڈیا کے مطابق میئر صادق خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی لندن کے شہریوں کے تحفظ اور سنگین جرائم سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اے این پی آر کے لیے ٹریفک کیمروں کا استعمال گزشتہ میئر کے متعارف کرائے جانے کے بعد 2015 سے جاری ہے۔