قیادت الظواہری کی موجودگی سے آگاہ نہیں تھی ،ہلاکت کی خبروں کی تحقیقات کررہےہیں،افغان طالبان

05 اگست ، 2022

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )افغان طالبان کا کہنا ہےکہ وہ ایمن الظواہری کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی خبروں کی تحقیقات کررہے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق افغان طالبان کے سیاسی امور کے ترجمان سہیل شاہین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ طالبان قیادت ایمن الظواہری کی کابل میں موجودگی سے آگاہ نہیں تھی لہٰذا امریکی حملے میں ان کی ہلاکت کی خبروں پر تحقیقات کررہے ہیں۔عرب میڈیا کےمطابق سہیل شاہین نے کہا کہ جس حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے اس سے متعلق حکومت اور طالبان قیادت کو علم نہیں تھا البتہ اس حوالے سے کیے جانے والے دعوے پر تحقیقات جاری ہیں جس کے نتائج سے عوامی سطح پر آگاہ کیا جائے گا۔عرب میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام کے جواب میں سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان قیادت اور موجودہ حکومت دوحا معاہدے پر پوری طرح کاربند ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ طالبان قیادت اتوار کے روز کابل میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے اور اس کے نتیجے میں ایمن الظواہری کی ہلاکت پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔عرب میڈیا کےمطابق طالبان ذرائع کا کہنا ہےکہ قیادت اس حوالے سے ایک لمبی بحث کررہی ہےکہ امریکی ڈرون حملے پر کس طرح رد عمل دیا جائے۔