الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ حکومت سے ملکر پی ٹی آئی کیخلاف سازش کی ، عمران خان

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کے خلاف سازش کی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پوری ریاستی مشینری اور الیکشن کمیشن کی شرانگیزیوں کے باوجود پنجاب کےضمنی انتخابات میں نون لیگ کی شکست کےبعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی سازش رچائی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے مزید کہا کہ اب یہ لوگ عام انتخابات میں پوری پی ڈی ایم کے ساتھ پنجاب کے ضمنی الیکشن جیسے نتیجے سے خوف زدہ ہیں۔