مقبوضہ کشمیرکو جیل میں تبدیل کرکے اس کے باسیوں کو قیدی بنا کر رکھ دیا گیا ہے،سردار عتیق

05 اگست ، 2022

مظفرآباد(این این آئی ) آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ 5اگست ریاست جموں کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،ہندوستان نے آرٹیکل 370اور 35Aمیں ترمیم کر کے کشمیر کی خصوصی حثیت کو ختم کر دیا،5اگست 2019کو ہندوستان نے تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر کے مسئلہ کشمیر کی حثیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی ،دنیا نے ہندوستان کے ا س اقدام پر کمزور ردعمل ظاہر کر کہ جنوبی ایشیا کی تباہی کی بنیاد رکھی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن کیلئے مستقل خطرہ ہے اس حقیقت کا اعتراف تمام غیر جانبدار مبصرین نے بھی کیا ہے ،بھارت نے کشمیر کے سہہ فریقی مسئلہ کی حثیت کو نظر انداز کر کے کشمیر کے تشخص کو مٹانے کی کوشش کی انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ ساز ہیں وہ آج بھی حق حودارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ہندوستان کشمیریوں کے جذبے حریت کو کچلنے میں ناکام رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ آ ج بھی کشمیر ایک جیل ہے اور اس کے باسیوں کو قیدی بنا کر رکھ دیا گیا ہے ،دنیا نے بھارت کے مظالم پر کمزور رد عمل ظاہر کر کہ بھارت کے ہاتھ مضبوط کیے ہیں ،اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق حودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں اس کے بغیر جنوبی ایشیا کا امن خطرات کا شکار رہے گا،انہوں نے مزید کہا کہ 5اگست کو دنیا کے طویل ترین لاک ڈائون میں 3سال مکمل ہو چکے ہیں لہذا مودی کے اس ظالمانہ اقدامات کے خلاف تمام کشمیری آج کے دن یوم استحصال منائیں گے ،اور بھارت کے اس ظالمانہ اقدام کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے ،انہوں نے مسلم کانفرنسی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی بھارت کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف بھر پور احتجاج کریں ۔