آزادکشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال سخت حفاظتی انتظامات میں ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی منتقل

05 اگست ، 2022

کوٹلی ( نمائندہ جنگ ) آزاد کشمیر کے وزیر ایجوکیشن ملک ظفراقبال کو مظفرآباد سے سخت حفاظتی انتظامات میں ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی منتقل کردیاگیا ۔ظفراقبال کی مظفر آباد سے رات گئے منتقلی کی نگرانی ڈپٹی کمشنر کوٹلی امجد مغل اور دیگر افسران کررہے تھے،جیل کے باہر ان کے درجنوں حامی پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق 19 سال قبل کوٹلی آزادکشمیر کے حلقہ راج محل میں دوپارٹیوں میں تصادم اور فائرنگ میں آصف شاہ نامی نوجوان گولی لگنے سے قتل ہوگیاتھااوراس کیس میں نامزد ملزم وزیر ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر ملک ظفر اقبال کو ہائی کورٹ آزاد کشمیرکے دو رکنی بنچ نے 14 سال قید اوردس لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی ہےاور پولیس نےملک ظفر کو گرفتار کرلیا۔ معلوم ہوا سزا کے بعد وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک کو سخت ت حفاظتی انتظامات میں مظفرآباد سے ڈی ایس پی سردار فاروق اور چوکی انچارج تتہ پانی چوہدری خلیل اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ رات گئے ڈسٹر کٹ جیل کوٹلی منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع تمام معاملات کی نگرانی ڈپٹی کمشنر کوٹلی امجد علی مغل ،ایس ایس پی کوٹلی ریاض مغل ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری ساجد اسلم کر رہے تھے۔ جب وزیر ہائر ایجوکیشن ظفراقبال ملک کو ڈسٹرکٹ جیل پہنچایاگیاتو جیل کے باہر ا ن کے درجنوں حامی موجود تھے۔