آسیہ اندرابی کے گھر کی ضبطی پر دہلی ہائیکورٹ کا نوٹس،جواب طلب

05 اگست ، 2022

نئی دہلی(کے پی آئی) بھارت میں نئی دہلی ہائی کورٹ نے دختران ملت مقبوضہ کشمیر کی سربراہ آسیہ اندرابی کا سری نگر میں گھر ضبط کرنے پر بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو نوٹس جاری کر دیا ہے، نئی دہلی ہائی کورٹ میں 28 ستمبر کو مقدمے کی سماعت ہوگی ،این آئی اے نے آسیہ اندرابی کا سری نگر میں گھر ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی معاون فہمیدہ صوفی کی کار بھی ضبط کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی نے بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی کارروائی کونئی دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔نئی دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس مکتا گپتا اور انیش دیال پر مشتمل بنچ نے این آئی اے سے جواب طلب کر لیا۔آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ان دنوں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔2019میں، این آئی اے نے آسیہ اندرابی کے گھر اور فہمیدہ کی گاڑی کو اس الزام میں ضبط کرنے کا حکم دیا تھا کہ یہ خواتین آزادی کشمیر کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔