5اگست مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن،کشمیری آزادی حاصل کرنے کیلئے پرعز م ہیں،وزیر توانائی

05 اگست ، 2022

میرپور(جنگ نیوز ) آزاد کشمیر کے وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 ء کو مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا،5 اگست 2019 مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔تین سال کے ظلم وجبر کے باوجود ابھی تک بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارشد حسین نے کہا کہ کشمیری ہزاروں جانیں قربان کرنے کے بعد بھی پرعزم ہیں اور ہر قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے متنازعہ اقدام کے خلاف مزاحمت روکنے کے لیے ہزاروں فوجی اہلکار وادی میں تعینات کر رکھے ہیں،مودی حکومت کے تمام تر ہتکھنڈوں کے باوجود کشمیری نوجوان،بچے بوڑھے سٹرکوں پر نکل آئے،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر بھارت کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا،انہوں نے کہا کہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا،اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین نے مزید کہا کہ بیس کیمپ حکومت تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتا۔ان شاء اللہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔