پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سامنے لانے کیلئے مضبوط و مؤثر کردار ادا کرے،بیرسٹر سلطان

05 اگست ، 2022

اسلام آباد(این این آئی) آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سینیٹ اور قومی اسمبلی کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں اورمقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف ایک مضبوط و موثر قرارداد منظور کرنی چاہیے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان خیالات کا اظہار سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا جنہوں نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس وقت اشد ضرورت ہے کہ تنازعہ کشمیر کو عالمی فورمز پر جاندار طریقے سے اٹھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔