مقبوضہ کشمیر:عزاداری کے روایتی جلوسوں پر پابندی پر حکومت سے جواب طلب

05 اگست ، 2022

سری نگر(نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام میں عزاداری کے روایتی جلوسوں پر پابندی ہے۔ مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے 8اور 10محرم الحرام کے اعزادری کے جلوسوں پر عائد پابندی سے متعلق حکومت سے تین دنوں کے اندر جواب طلب کر لیا ہے ۔ دوسری جانب نام نہاد بھارتی یوم آزادی 15اگست کے پیش نظر بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں پکڑ دھکڑ اور محاصرے تلاشی کارروائیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق انجمن شرعی شیعہ نامی تنظیم نے محرم الحرام میں اعزاداری کے روایتی جلوسوں پر پابندی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سری نگر میں ڈلگیٹ سے آبی گزر تک 8محرم کو رواتی طور پر جلوس برآمد ہوا کرتے تھے جبکہ دس محرم کو یوم آشورہ کو آبی گزر سے جڈی بل تک اعزاداری کا جلوس برآمد ہوتا تھا تاہم گزشتہ تین دہائیوں سے ان روایتی جلوسوں پر پابندی لگی ہوئی ہے ،عدالت نے کمشنرسیکرٹری ہوم کوہدایت کی کہ وہ تین دنوں کے اندر جواب دیں کہ کن کوجوہات کی بناپر8-10محرم کومختلف علاقوں میں تعزیتی جلوسوں پرپابندی عائدکی جاتی ہے ۔