حاصل اختیارات کو کسی صورت سرنڈر نہیں کرینگے،دیوان چغتائی

05 اگست ، 2022

مظفرآباد(جنگ نیوز )آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر حاصل اختیارات کو کسی صورت سرنڈر نہیں کریگی،15ویں ترمیم کیلئےقائم کمیٹی سے متعلق بعض عناصر منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ پندرہویں ترمیم پر کچھ لوگ اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں،حکومت آزادکشمیر حاصل اختیارات کو کسی صورت سرنڈر نہیں کریگی۔انہوں نے کہا کہ ریاست، عوام اور قومی اداروں سے ہمارا کسی بھی قسم کا کوئی اختلاف نہیں،تاوبٹ سے بھمبر تک تحریک چلانے کا وایلا کرنے والے اسلام آباد جا کر تحریک چلائیں،سیاست میں زندہ رہنے کیلئے قوم کو گمراہ نہیں کیا جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ٹورازم اتھارٹی کا ابھی تک کوئی مسودہ سامنے نہیں آیا جب مسودہ آئے گا تو اگر اس میں عوامی مفاد اور حقوق کے خلاف کوئی شق شامل ہوئی تو اُسے اُڑا کررکھ دیں گے،اس حوالے سے اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔