حاکموں اور عادلوں کو سیرت عمرؓ سے رہنمائی لینی چاہئے،علمائے کرام،نیوکاسل میں کانفرنس

05 اگست ، 2022

نیو کاسل (محمد رجاسب مغل ) سنی جمعیت عوام نیو کاسل کے زیر اہتمام الرضا بریلوی سینٹر میں یوم شہادت امیر المومنین حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالہ عنہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پیر سیدمحمد عرفان شاہ مشہدی موسوی کی زیر نگرانی ہونے والی کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ پیر سید سلطان شاہ مشہدی نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ ؓ دنیائے اسلام کی ہمہ گیرشخصیت ہیں سید نا فاروق اعظم ؓ کا دور خلافت تاریخ اسلام کا ایک تابناک ترین باب ہے آپ رضی اللہ تعالی عنہ کی زندگی تمام امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے انہوں نے کہا کہ اہلبیت اطہار اور صحابۂ کرام علیہمُالرِّضوان کی طرز زندگی اختیار کرنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ علامہ ساجد علی شامی نے کہاکہ حضرت عمرؓ ایک مثالی حکمران تھے آپؓ کے دور خلافت میں اسلام کو بے پناہ فتوحات اور عزت ومقبولیت حاصل ہوئی وہ ایک عظیم منصف تھے آج ہمارے حاکموں اور عادلوں کو سیرت عمرؓ سے رہنمائی لینی چاہیے۔علامہ حافظ محمد خان نے کہا کہ سید ناعمرفاروقؓ کاطرزحکمرانی دنیا کیلئے مینارہ نور ہے آپ رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں مسلمانوں کو بے مثال فتوحات ملیں۔ خلیفہ علامہ فرح عرفانی نے کہا کہ حضرت عمر فاروقرضی اللہ عنہ کا اسلام لانا اہل اسلام کی تقویت اور اسلامی قوت کے استحکام کا باعث بنا کانفرنس میں دیگرمقررین اور نعت خواں حضرات جن میں عبدالوحید عرفانی ،حاجی ظفر عرفانی ،قاری محمد رضوان نعیمی،خلیفہ منیر عرفانی مولانا الحاج جمیل بھٹی عرفانی اور دیگرنے بھی خطاب کرتے ہوئے حضرت عمر فاروقرضی اللہ تعالی عنہ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ آخر میں درود سلام پڑھا گیا اور امت مسلمہ کے لیےخصوصی دعا کی ۔