جولائی کے دوران تیل کی قیمت میں 9 پنس کی کمی ،قیمت182.69 پونڈ فی لیٹر ہوگئی

05 اگست ، 2022

لندن (پی اے) جولائی کے دوران تیل کی قیمت میں 9پنس کی کمی کے بعد قیمت182.69پنس فی لیٹر ہوگئی، اس طرح اب پیٹرول کی ٹنکی بھروانے پر 5پونڈ کی کمی ہوگئی ہے، اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 پنس کی کمی ہوئی اور ڈیزل 192.38پنس فی لیٹر ہوگیا لیکن موٹر مالکان کے گروپ کا کہنا ہے کہ قیمت میں یہ کمی تیل کی عالمی قیمتوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے ریٹیلرز کو پمپ پر قیمتوں کو مزید کم کرنا چاہئے۔ پیٹرول کی ہول سیل قیمتیں جون میں آسمان پر پہنچ گئی تھیں لیکن عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے بعد ان کی قیمتوں میں کمی ہونا شروع ہوگئی ہے۔ امریکہ اور دیگر ممالک میں کساد بازاری کے خدشے کے تحت تیل کی طلب میں اضافہ ہوگیا تھا لیکن اب عالمی منڈی میں برنٹ کروڈ کی قیمتیں 100ڈالر فی بیرل تک آگئی ہیں۔ RAC نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی شرح کو بہت سست قرار دیا ہے جبکہ تیل کی ہول سیل قیمتوں میں نمایاں کمی آچکی ہے۔ گزشتہ 8ہفتوں کے دوران پیٹرول کی تھوک قیمت میں 20پنس تک کی کمی ہوئی ہے جبکہ ڈرائیوروں کیلئے جولائی میں پیٹرول کی قیمت میں صرف 9پنس کی کمی کی گئی۔ RAC کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 183 پنس نہیں بلکہ 167پنس فی لیٹر ہونی چاہئے۔ RAC کے فیول سے متعلق ترجمان سائمن ولیمز نے کہا ہے کہ چونکہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، اس لئےبڑے ریٹیلرز یومیہ بنیادوں پر اپنی قیمتوں میں نمایاں کمی کریں۔ پورٹ لینڈ کے تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ تیل کی تھوک قیمتوں اور ریٹیل قیمتوں میں ہونے والی کمی میں بہت زیادہ فرق ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ اگلے ہفتے قیمتوں میں 5 سے 7 پنس فی لیٹر تک مزید کمی ہوجائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈرائیوروں کیلئے تو اچھی خبر ہوسکتی ہے لیکن معیشت کیلئے اچھی خبر نہیں ہے کیونکہ مارکیٹ تنزلی کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں۔ لوگوں نے موسم گرما میں گھروں کو گرم رکھنے کے پروگرام میں تبدیلیاں کردی ہیں اور اسی وجہ سے پیٹرول کی تھوک قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال سے فائدہ نہ اٹھایا گیا تو قیمتیں دوبارہ آسمان پر جاسکتی ہیں۔