عمران خان دوبارہ اقتدار میں آکر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلائیں گے،مختلف رہنما

05 اگست ، 2022

ویانا (اکرم باجوہ) پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی اور چوہدری پرویز الٰہی کے پی ٹی آئی اور ق لیگ کا مشترکہ وزیر اعلیٰ بننے کی خوشی میں سالز برگ کی معروف سیاسی و سماجی کاروباری شخصیت چوہدری اظہر ورک کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف آسٹریا کے سابق عہدیداران اور کارکنوں کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی آسٹریا کے سابق صدر حاجی میاں خلیل احمد ،پی ٹی آئی آسٹریا کے سینئر رہنما مشاہد خان ،پی ٹی آئی آسٹریا کے سابق نائب صدر حسن اختر ،چوہدری مصطفیٰ ،چوہدری ندیم اختر ،بوبی شاہ ،فلک شیر چیمہ ،علی مغل ،چوہدری احسان اللہ ڈھیندا و دیگر نے شرکت کی ۔تقریب میں چوہدری اظہر ورک نے کہا کہ بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے اور پی ٹی آئی کے دوستوں کی خوشیوں میں شامل ہونے کے لیےڈنر کا اہتمام کیا ہے،ہم دیار غیر میں بھی پاکستانی ہیں ۔سابق صدر پی ٹی آئی آسٹریا حاجی میاں خلیل احمد اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما مشاہد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جس طرح پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے، اسی طرح آئندہ عام انتخابات میں عمران خان دو تہائی اکثریت لیکر واپس آئے گا ۔انہوں نے پی ٹی آئی کے اتحادی چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بننے پر پی ٹی آئی اور ق لیگ کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی عمران خان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ہم امید کرتے ہیں کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آکر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلائیں گے۔