منکی پاکس کا خاتمہ کرنے کیلئے ایک لاکھ سے زیادہ ویکسین خرید لی گئیں

05 اگست ، 2022

لندن (پی اے) حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ منکی پاکس کا خاتمہ کرنے کیلئے ایک لاکھ سے زیادہ ویکسین خرید لی گئیں۔ منکی پاکس کے مریضوں میں اضافے کے بعد گزشتہ ہفتہ این ایچ ایس نے انگلینڈ میں منکی پاکس سے بچائو کی ویکسین لگانے کا عمل تیز کردیا تھا۔ ویکسین سے متعلق امور کی وزیر میگی تھروپ کا کہنا ہے کہ ویکسین کی بڑی تعداد لندن میں دستیاب ہے جبکہ منکی پاکس کے 75 فیصد مریض بھی لندن ہی میں سامنے آئے ہیں۔ تاہم انھوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے کیلئے این ایچ ایس کی کال کا انتظار کریں۔ اگرچہ کوئی بھی فرد منکی پاکس کا شکار ہوسکتا ہے لیکن اس وائرس سے متاثر ہونے والوں میں گے اور ہم جنس پرستوں کی اکثریت ہے۔ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پورے ملک میں 2,436افراد میں منکی پاکس کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے 1,778کا تعلق لندن سے ہے۔ لندن میں زیادہ تر نوجوان منکی پاکس کا شکار ہورہے ہیں، فی الوقت 18سے زیادہ کلینکس پر منکی پاکس کی ویکسین لگائی جا رہی ہے، جن میں ڈین اسٹریٹ سیکسول ہیلتھ کلینک سوہو، چیلسی اور ویسٹ منسٹر ہسپتال، گے ہسپتال سائوتھ وارک، مورٹیمر مارکیٹ سینٹر کیمڈین اور بارکنگ ہسپتال آئوٹ پیشنٹ سینٹر ایسٹ شامل ہیں۔ ہیمر اسمتھ کے ایک کلینک کے معائنے کے دوران ویکسین کی وزیر نے بی بی سی کوبتایا کہ ہم نے ایک لاکھ ویکسین حاصل کرلی ہیں جو کہ کسی بھی یورپی ملک کے مقابلے میں زیادہ ہیں، اس طرح اس معاملے میں تمام یورپی ملکوں سے آگے ہیں۔ گزشتہ ہفتے یورپی کمیشن کی ہیلتھ ایمرجنسی کی تیاری اور اس پر کارروائی سے متعلق اتھارٹی (HERA) نے بتایا تھا کہ منکی پاکس سامنے آنے کے بعد سے اب تک ویکسین کی 109,090خوراکیں خریدی جا چکی ہیں۔ اسپین کو 5,300اور پرتگال، جرمنی اور بلجیم کو بعد میں ویکسین دی جائےگی۔ عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا ہے جبکہ تھروپ کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک اس بارے میں کچھ زیادہ معلوم نہیں ہے اور ہم سیکسول کلینک سے معلوم کر رہے ہیں کہ انھیں ویکسین کی کتنی خوراکوں کی ضرورت ہے انھوں نے کہا کہ ہر شخص کے بازو میں ویکسین لگا دینا ہماری ترجیح میں شامل ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس کے مطابق اب تک 75ممالک میں منکی پاکس کے 16,000مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ اس کی وجہ سے 5اموات ہوچکی ہیں۔