گریٹر مانچسٹر میں بچی سے جنسی زیادتی کرنے والے تین افراد گرفتار

05 اگست ، 2022

بری (نمائندہ جنگ)گریٹر مانچسٹر پولیس نے اولڈہم اور مانچسٹر میں چھاپوں کے دوران 2000کی دہائی کے اوائل میں بچی سے جنسی زیادتی کی تحقیقات کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔گرفتار افراد کی عمریں 64،61 اور 47 سال کے درمیان ہیں، انہیں مختلف جنسی جرائم کے شبے میں گرفتار کیا گیا جو تقریباً 20سال قبل ایک لڑکی کے ساتھ ہونے والے واقعات سے متعلق ہیں۔ مانچسٹر اور اولڈہم کے مختلف گھروں پر چھاپوں کے دوران حراست میں لئے گئے تینوں مشتبہ افراد مزید پوچھ گچھ کیلئے پولیس کی حراست میں رہیں گے،گریٹر مانچسٹر پولیس نے تصدیق کی کہ یہ گرفتاریاں گریٹر مانچسٹر میں بچوں کے جنسی استحصال کے بارے میں جاری تحقیقات کا حصہ ہیں۔گرفتاریوں کے بعد حالیہ بچوں کے جنسی استحصال کے بارے میں ہماری تحقیقات ابھی جاری ہیں۔واضح رہے کہ 2008سے راچڈیل گرومنگ اسکینڈل کے بعد سے پولیس اور دیگر ایجنسیز کو جنسی جرائم کے شکار بچوں سے نمٹنے کے طریقے پر سخت تنقید کا سامنا ہے،یاد رہے اس سال کے شروع میں ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ایک 12سالہ لڑکی جس کے ساتھ مختلف مردوں نے متعدد بار عصمت دری کی تھی،اولڈہم پولیس اور دیگر ایجنسیز حکام نے اس کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے مواقع ضائع کئے تھے۔