بائیکاٹ عالیہ بھٹ ٹرینڈ، فلم ’ڈارلنگز‘ میں مردوں پر تشدد دکھانے کا الزام

05 اگست ، 2022

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) فلم ’ڈارلنگز‘ ریلیز سے قبل ہی ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ بائیکاٹ عالیہ بھٹ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ عالیہ بھٹ کو بائیکاٹ کرنے والی جماعت کچھ خاص ہے۔بظاہر عالیہ کو بائیکاٹ کرنے والے لوگوں کا مؤقف ہے کہ ’ڈارلنگز‘ فلم میں مرد پر بہت تشدد دکھایا گیا ہے۔ صرف ٹریلر دیکھ کر اس نتیجے پر پہنچنا نہ صرف بے معنی ہے، بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے۔دوسری جانب اعداد و شمارکے مطابق مردوں کی بہ نسبت خواتین گھریلو تشدد کی شکار زیادہ ہوتی ہیں۔ تو اگر ایک مرد پر کوئی تشدد دکھایا جا رہا ہے تو ضروری نہیں کہ وہ گھریلو تشدد ہو یا وہ مرد واقعی مجبور ہو ،فلم کا ٹریلر اس بات کو واضح نہیں کرتا، یہ ڈائیلاگ عالیہ بھٹ ضرور بولتی ہیں کہ جو کچھ اس نے میرے ساتھ کیا وہی میں اس کے ساتھ کروں گی۔ ٹوئٹر کے ٹرینڈ کو دیکھ کریہ اندازہ ہوتا ہے کہ مرد بہت غیر محفوظ اور استحصال کا شکار ہیں۔ ہولی وڈ کی ’بیٹ مین‘ نام کی فلم میں ولن کا ایک ڈائیلاگ ہے کہ ’وہائی سو سیریس!‘۔ ہمیں لگتا ہے کہ جتنے ’انتہائی حساس‘، بات بات پر سوشل میڈیا میں اپنی تنک مزاجی دکھانے والے ’کینسل کلچر‘ اور بائیکاٹ جیسے الفاظ کا بھرپور استعمال کرنے والے لوگ ہیں، انھیں ذرا بیٹ مین کے اس ڈائیلاگ کو دھیان میں رکھنا چاہیے اور زندگی و سماج سے منسلک جو سنگین ایشوز ہیں، انھیں سوشل میڈیا پر اجاگر کرنا چاہیے۔فلم کو ریلیز تو ہو جانے دیجیے، پھر اچھی ہے یا خراب اس پر تبصرہ کیجیے۔