4 بڑی فلموں کی ناکامی، یش راج فلمز کی امیدیں فلم ’پٹھان‘ سے وابستہ

05 اگست ، 2022

ممبئی (این این آئی)باکس آفس پر 4بڑی فلموں کی ناکامی کے بعد بھارتی فلم نگری کے سب سے مشہور فلمی بینر یش راج فلمز کی ساری امیدیں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان سے وابستہ ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یش راج فلمز کے وہ دن اب گزر گئے جب شاہ رخ خان کا جادو یش راج فلمز کو ویر زارا، محبتیں اور دل والے دلہنیا لے جائینگے جیسی فلموں کے ذریعے بھارتی باکس آفس پر سرِ فہرست رکھتا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال یش راج فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونیوالی چاروں بڑی فلمیں باکس آفس پر ناکام رہیں اور بری طرح فلاپ ہوگئیں۔یش راج فلمز نے اس سال رنویر سنگھ کی فلم جئیش بھائی جوردار، رنبیر کپور اور سنجے دت کی فلم شمشیرا سیف علی خان اور رانی مکھرجی کی فلم بنٹی اور ببلی2 اور اکشے کمار کی فلم سامرات پرتھوی راج ریلیز کی۔تاہم یہ فلمیں انڈسٹری کے بڑے اداکاروں کے ہوتے ہوئے مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔رپورٹ کے مطابق 2012میں یش راج فلمز کے مالک یش چوپڑا کے انتقال کے بعد سے اس فلمی بینر تلے ریلیز ہونیوالی فلموں کی آمدنی میں کمی آنا شروع ہوئی۔ آنجہانی پروڈیوسر کی موت کے بعد ان کے بیٹے آدتیہ چوپڑا نے پروڈکشن ہائوس کو سنبھالا ہے لیکن انہیں اپنے والد کی میراث کو برقرار رکھنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2012میں یش چوپڑا کی موت کے بعد سے اب تک اس فلمی بینر تلے ریلیز ہونیوالی 29فلموں میں سے 14فلمیں باکس آفس پربری طرح فلاپ ہوئیں۔یہ صورتِ حال دیکھتے ہوئے ایک بار پھر یش راج فلمز اپنی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے اپنی ساری امیدیں شاہ رخ خان کی فلم ʼپٹھانʼ سے لگائے ہوئے ہے۔