جبری ٹیکس کے خلاف آج آل کراچی تاجر کنونشن ہوگا، حافظ نعیم

05 اگست ، 2022

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے بلوں میں ریٹیلر، تاجر اور دکانداروں پر ظالمانہ اور جبری ٹیکس کے خلاف جمعہ 5اگست کو 3بجے دن نیو ایم اے جناح روڈ پر ”آل کراچی تاجر کنونشن“ ہوگا، تاجر برادری اور تنظیموں سے اپیل ہے کہ وہ کنونشن میں بھر پور شرکت کرکے ایسے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں جو قانونی اور آئینی جدوجہد کے ذریعے اپنا حق لینا چاہتے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس فوری منسوخ کرکے اسے قومی تحویل میں لیا جائے اور اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت یہ بھی بتائے کہ جون 2018سے اگست2022تک کے الیکٹرک کس کے کنٹرول میں ہے؟ کے الیکٹرک خود اپنی ساکھ کھوچکی ہے، حکومت اسے کیسے اختیار دے سکتی ہے کہ وہ ریٹیلر، تاجر اور دکانداروں سے فکس ریٹیلر سیلز ٹیکس کوصول کرے،ایف بی آر تاجر تنظیموں اور چیمبر آف کامرس سے مشاورت کر کے فکسڈ سیلز ٹیکس کا منصفانہ اور قابل عمل نظام وضع کیا جائے ۔