حلقہ 157 ‘ عمران خان کی اجازت سے بیٹی نے کاغذات نامزدگی داخل کرادئیے‘شاہ محمود

05 اگست ، 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کی کیفیت اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ ہمارا ملک ڈیفالٹ ہونے والے چار ممالک کی صف میں شامل ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ حکومت کو فارن فنڈنگ کیس میں منہ کی کھانا پڑی۔موجودہ حالات میں خواتین کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اسی لئے میری بیٹی مہر بانو قریشی این اے 157 کے ضمنی الیکشن میں میدان میں آئی ہیں۔ یہ شخصیات اور برادریوں کا نہیں نظریات کا الیکشن ہے۔ عمران خان کی اجازت سے میری بیٹی نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔ اور توقع ہے کہ پی پی 217کی طرح 157 کی عوام‘ نوجوان اور خواتین بھی عمران خان کے بیانیہ کو ووٹ دیں گے۔ پیپلز پارٹی اپنی جماعت کی حیثیت کھو چکی ہے۔ اسی لئے ن لیگ کا سہارا لے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی پی 217 کے ایم پی اے مخدومزادہ زین حسین قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری بیٹی ایک تعلیم یافتہ ماں ہے۔ صحافت کے شعبے سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ ایک ماں کی حیثیت سے انہیں یہ علم ہے کہ آئندہ نسل کی تربیت کس طرح کرنی ہے۔ دین اسلام نے بھی خواتین کے حقوق واضح طور بیان کئے ہیں۔ ان کا نہ صرف جائیداد میں حق ہے بلکہ آئین پاکستان میں بھی یہ پابندی عائد ہے کہ ہر سیاسی جماعت 5 فیصد سیٹیں خواتین کے لئے مخصوص کریں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی خواتین کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے پاکستان کا عام شہری مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ حکومت کی ساکھ اس حد تک متاثر ہو چکی ہے کہ بہت سے ممالک سے موجودہ حکمرانوں کی بجائے آرمی چیف بات کرکے ریلیف مانگ رہے ہیں۔ این اے 157 میں صورتحال یہ ہے کہ ن لیگ کے لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملو ں کے خلاف ہمیشہ عمران خان نے مذمت کی۔ آج موجودہ حکمرانوں کے دور میں ڈرون حملہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔دریں اثنا شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف کے سنئیر رہنمامخدوم راجن بخش گیلانی سے ملاقات کی، سجادہ نشین دربار حضرت موسی پاک شہید مخدوم ولایت مصطفی گیلانی ،مخدوم زادہ زین العابدین گیلانی بھی موجود تھے ،ملاقات میں ضمنی الیکشن این اے 157کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ،مزید برآں مخدوم شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی کا کارکنوں کے لیے پہلا ویڈیو پیغام بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ 2012 کے ضمنی الیکشن میں حلقہ این اے 157میں پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کیا تھا جس کی بنا پر یہاں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسی گیلانی جیت گئے تھے، اس ضمنی الیکشن میں 2012 والی غلطی دوبارہ نہیں دہرائیں گے، ہم ان سامراجی قوتوں کا سامنا کریں گے، اسی لیے پاکستان تحریک انصاف نے مجھے میدان میں اترانے کا فیصلہ کیا ہے ، ہم نے عمران خان کے بیانیہ کو زندہ رکھنا ہے میں صرف پاکستان تحریک انصاف کی ووٹرز نہیں بلکہ اس پارٹی سے منسلک رہی ہوں 2018 سے پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کا حصہ رہی ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ میرا بیک گراؤنڈ صحافت سے ہے، میری یونیورسٹی آف پنجاب سے جرنلزم اور پولیٹیکل میں ڈگری ہے، ضمنی الیکشن میں بھی عمران خان کے بیانیہ کی جیت ہو گی۔