تمام سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی پر عمل کریں، خواجہ محمد یوسف

05 اگست ، 2022

ملتان ( سٹاف رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان میں جنوبی پنجاب کے منظور شدہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایسوسی ایشنز کی نمائندہ تنظیم آرکاکے کنوینر خواجہ محمد یوسف نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے تمام سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی پر اتفاق رائے سے عمل کریں، سٹیٹ بینک تمام بینکوں کی فارن ایکسچینج آپریشنز کی نگرانی کو مزید موثر بنائے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر خواجہ محمد حسین ،سینئر نائب صدر سہیل طفیل،نائب صدر نوید اقبال چغتائی ،میاں تنویر اے شیخ،فرید مغیث شیخ،اسرار احمد ملک،خواجہ صلاح الدین ،سہیل محمود ہرل،ڈاکٹر محمد شفیق پتافی،یونس غازی،شیخ فیصل سعید،عاصم سعید ۔خواجہ محمد قاسم،میاں راشد اقبال،سید افتخار علی شاہ موجود تھے۔خواجہ محمد یوسف نے کہا ہماری تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ ملک کی ترقی کا سوچیں اور ملکر معاشی صورتحال کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔حکومت تاجر اور کاروباری تنظیموں کی مشاورت سے ایک "چارٹر آف اکانومی" ترتیب دیا جائے جس میں ایک ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جائے جو کہ ٹیکنوکریٹس اور کاروباری افراد پر مشتمل ہو اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہ ہو۔اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ یہ ٹاسک فورس پارلیمنٹ سے منظور شدہ ہو جس میں لانگ ٹرم پالیسیوں کا تسلسل بھی برقرار رہے تاکہ اس کے مثبت اثرات ملک کی معیشت پر بھی مرتب ہوں۔ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر اور معروف صنعتکار خواجہ محمد حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام اور ملک کو کاروباری طور پر مضبوط بنانے کے لئے نہ صرف لانگ ٹرم معاشی پالیسیاں ترتیب دی جائیں بلکہ انڈسٹری کے لیے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا بھی اعلان کیا جائے تاکہ ملکی صنعتی پہیہ رواں رہے۔ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں تنویر اے شیخ ،فرید مغیث شیخ نے کہا ملکی اثاثہ جات کی فروختگی کے حوالے سے باتیں منظر عام پر آ رہی ہیں موجودہ صورتحال میں مارکیٹ شدید پریشر میں ہے اور اثاثہ جات کی فروختگی کا یہ مناسب وقت نہیں لہذا ان کی قیمت کا مناسب تعین نہیں کیا جا سکتا ۔