الیکشن کمیشن کا چالان آگے لیکر چلنا حکومت کی ذمہ داری،محسن رانجھا

05 اگست ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا چالان آگے لے کر چلنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، سابق صدر سپریم کورٹ بار جسٹس (ر) ناصرہ جاوید نے کہا کہ عدلیہ میں ایشوز کو بہت بڑا بنالیا جاتا ہے، سابق صدر سپریم کورٹ بار کامران مرتضیٰ نے کہا کہ عدالتوں میں جو ججز ہیں اب یہ کلب بن چکا ہے، وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے بات چیت کررہے تھے۔ پروگرام میں اینکر پرسن عاصمہ شیرازی اور تجزیہ کار اطہر کاظمی نے بھی اظہار خیال کیا۔ پروگرام کا آغازکرتے ہوئے میزبان منیب فاروق کا کہنا تھا کہ اب یہ ”وہ لوگ “عمران خان کسے کہنا چاہ رہے تھے۔ عمران خان نے طبل جنگ بجادیا ہے اور ان کا یہ کہنا ہے کہ اگر کسی نے حقیقی طو رپر پولٹیکل فنڈ ریزنگ قانون اور قواعد کے مطابق کی ہے تو صرف پاکستان تحریک انصاف نے کی ہے۔ اس تمام صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان مسلم لیگ ن محسن شاہ نواز رانجھا کا کہنا تھا کہ ہم کوئی چھلانگ لگانے نہیں جارہے جو کچھ وفاقی حکومت کررہی ہے یہ ایک پراسیس ہے اور اگر اس پراسیس کو نہیں کیا گیا تو کل کو پاکستان کے باقی ادارے وفاقی حکومت کو مورد الزام ٹھہرائیں گے کہ کارروائی آپ کو کرنی تھی آپ نے کیوں نہیں کی۔