کمشنر ملتان ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے،سیاسی دبائو پر فیصلہ کیا، ذرائع

05 اگست ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نےاچانک ایک ماہ کی رخصت پر جانے کا فیصلہ کرلیا،بتایا گیاہے کہ انہوں نےگزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب کواس حوالے سے ایک درخواست بھی ارسال کی ہے۔ جس میں انہوں نے گھریلو مصروفیات کے باعث آج 5اگست سے 15ستمبر تک ایک ماہ کی رخصت مانگی ہے،دریں اثناء بعض سیاسی اوربیوروکریسی حلقوں میں کمشنر ملتان کی اچانک رخصت بارے مختلف چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں،بعض حلقے ان کی رخصت کو ملتان میں 11ستمبر کو منعقد ہونے والے این اے 157کے الیکشن سے جوڑ رہے ہیں ،ان حلقوں کا دعویٰ ہے کہ ایک اہم سیاسی شخصیت کی خواہش تھی کہ کمشنر ملتان کو تبدیل کیا جائےچونکہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہوچکاہے،الیکشن کمیشن کی ہدایت پرمذکورہ انتخابات تک تقرر وتبادلوں پر پابندی عائد ہے،چناچہ کمشنر ملتان کو سیاسی دباؤ کے باعث الیکشن تک ایک ماہ کی رخصت لینے پر مجبور کیا گیا ہے۔